کووڈ ویکسین لگوانا دماغی صحت کے لئے بھی مفید، تحقیق

Covid 19 vaccine 24 news

امریکہ (24 نیوز اردو) امریکہ میں کی گئی نیو ہیمپشائر یونیورسٹی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووڈ ویکسینز کے استعمال سے جہاں بیماری سے متاثر ہونے، ہسپتال اور موت کے خطرے میں کمی آتی ہے وہیں اس کا مثبت اثر ذہن پر بھی مرتب ہوتا ہے۔

یہی نہیں بلکہ کووڈ 19 سے تحفظ کا احساس ذہنی صحت اور معیار زندگی کو بھی بہتر بناتا ہے، اسی لئے ماہرین کا کہنا ہے کہ کووِڈ 19 کے لئے لگوائی جانے والی تمام تر ویکسینز دماغی صحت کے لئے بھی مفید ہیں۔

اس نئی تحقیق میں 8090 بالغ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جن سے مارچ 2020 سے جون 2021 کے دوران کئی بار انٹرویو کیے گئے تاکہ کووڈ ویکسینیشن سے ذہنی صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں علم ہوسکے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دسمبر 2020 سے جون 2021 کے دوران کووڈ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک استعمال کرنے والے بالغ افراد کے ذہنی دباؤ میں 7 فیصد کمی آئی۔

اس کی وجہ ویکسینیشن کے بعد بیماری میں مبتلا ہونے کے خطرے میں کمی تھی اور مکمل ویکسینیشن پر یہ شرح 25 فیصد تک گھٹ گئی۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے امریکن جرنل آف پرینیٹو میڈیسین میں شائع ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2021 میں امریکا کی سدرن کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ شواہد سامنے آئے تھے کہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کرانے کے بعد لوگوں کو تناؤ کا کم سامنا ہوتا ہے اور ذہنی صحت میں بہتری آتی ہے۔

واضح رہے کہ کووِڈ کے دوران ملازمتوں اور آمدنی سے محرومی، سماجی طور پر کٹ جانا اور دیگر وجوہات کی وجہ سے عالمی سطح پر ذہنی بے چینی اور نفسیاتی مسائل کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے